عالمیہ کی اسناد کیساتھ بی اے کی ڈگر ی کی طلبی پر وفاق المدارس کا اظہار برہمی

16 اپریل 2018

اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں ایچ ای سی نے دینی مدارس کے فضلا کی عالمیہ کی اسناد کے ساتھ بعض یونیورسٹیز کی جانب سے بی اے کی ڈگری کے مطالبہ کا سخت نوٹس لے لیا، دینی مدارس کی اسناد کے حامل طلبہ و طالبات کو ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں اور ملازمتوں کے حصول کے لیے کسی قسم کی اضافی شرائط اور مطالبات نہ کرنے کے احکامات،شہاد العالمیہ کے حاملین کے لیے بی اے کی اضافی ڈگری کے مطالبہ پر اظہار برہمی،مدارس کے فضلا کی عالمیہ کی سند کو بلاحیل و حجت ایم اے اسلامیات اور ایم اے عربی کے مساوی تسلیم کرنے کی خصوصی ہدایات،یونیورسٹی گرانٹ کمیشن اور ایچ ای سی کے دینی اسناد کے حوالے سے جملہ نوٹیفیکیشنز کی پاسداری کی یاددہانی تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے دینی مدارس کے فضلا کی عالمیہ کی اسناد کو کسی قسم کی اضافی شرط کے بغیر ایم اے اسلامیات اور ایم اے عربی کے مساوی تسلیم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے-وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو دینی مدارس کے فضلا کی جانب سے مسلسل یہ شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ انہیں بعض یونیورسٹیز کی جانب سے شہاد العالمیہ اور ایچ ای سی کے معادلہ سرٹیفکیٹ کے باوجود ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلے کے لیے بی اے کی ڈگری کا اضافی اور غیر ضروری طور پرمطالبہ کیا جاتا ہے جس پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے متعلقہ حکام بالخصوص ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا جس پر ایچ ای سی کی جانب سے تمام یونیورسٹیز اور متعلقہ اداروں کے نام ایک خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا جس میں دینی مدارس کی عالمیہ کی اسناد کو ایم اے اسلامیات اور ایم اے عربی کے مساوی تسلیم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں اور شہاد العالمیہ کے ہوتے ہوئے بی اے کی ڈگری کے مطالبے کو غیر ضروری اور غیر آئینی قرار دیا گیا-