’’لاہور دیکھ کر خوشی ہوتی ہے‘‘’’ مرسوں مرسوں،کم نہ کرسوں‘‘وزیراعلیٰ کی گفتگو پر ہال قہقہوں سے گونج اٹھا

16 اپریل 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر اور عہدیداران اور ملک بھر سے ایگزیکٹو کونسل کے ارکان اور دیگر سینئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ملاقات کے دوران ان کے سوالات کے مدلل جواب دیئے۔ سینئر صحافی حاجی نواز رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کا لاہور دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ صحافیوں نے ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدر آمد لاہور پریس کلب کے ایف بلاک اور ملتان پریس کلب کے امور کے بارے میں مطالبات پیش کئے، وزیراعلیٰ نے ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غورکرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے جب کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کراچی اب ’’مرسوں مرسوں،کم نہ کرسوں‘‘ کی عملی تفسیر بن چکا ہے تو ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔