اافغانستان میں طالبان کا گھات لگا کرحملہ، 11 پولیس اہلکار مارڈالے

16 اپریل 2018

کابل(این این آئی)مغربی افغانستان میں طالبان کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے ایک حملے کے نتیجے میں 11 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان صوبے ہرات کے شنڈنڈ ضلع میں ہونے والے اس حملے میں پولیس کی دو گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں، دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ طالبان نے پولیس اہلکاروں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولہ بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔صوبائی گورنر کے ایک ترجمام جیلانی فرہاد نے بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں نے یہ کارروائی جمعرات کی شب کی اور قریب دو گھنٹے تک پولیس اہلکاروں اور مسلح جنگجوئوں کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ضلعی گورنر شکراللہ شاکر نے اس واقعے اور ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی ۔جس مقام پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر یہ حملہ کیا گیا وہ ضلعی مرکز سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر قائم تھی۔یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب جنوب مشرقی افغان صوبے غزنی میں ایک اور حملے میں طالبان نے مقامی گورنر سمیت سات افراد کو ہلاک ایک ضلعی حکومتی دفتر پر حملہ کیا تھا۔