ڈی سی آفس گجرات سے جعلی اسلحہ لائسنس جاری ہونے کا میگا سکینڈل ، کلرک گرفتار

16 اپریل 2018

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) ڈی سی آفس گجرات سے بااثر سیاسی شخصیات سمیت 2ہزار سے زیادہ جعلی اسلحہ لائسنس جاری ہونے کا میگا سکینڈل پکڑا گیا۔ محکمہ انٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرکیجعلی اسلحہ لائسنس جاری کرنے والے گروپ کے سرغنہ کو حراست میں لے لیا جس نے متعدد بااثر شخصیات کو جعلی لائسنس دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات آفس کی اسلحہ برانچ سے گزشتہ چند سالوں سے بڑی تعداد میں جعلی لائسنس جاری کئے جارہے تھے۔ خفیہ اداروں کی رپورٹ پر ڈی سی گجرات نے معاملہ کی تحقیقات کرائیں تو ثابت ہوا کہ جعلی لائسنسوں کا اجرا کیا گیا ہے جس پر معاملہ اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ بھجوادیا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ فرید احمد نے سرکل آفیسر عامر حسین سندھو پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ برانچ کے کلرک عاطف محمود کو گرفتار کرلیا اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزم نے ابتدائی تحقیقات میں انکشاف کیا کہ وہ اب تک 2ہزار سے زیادہ افراد کو جعلی لائسنس جاری کرچکا ہے جس میں موجودہ و سابق ارکان اسمبلی، یونین کونسلوں کے چیئرمین،صنعتکار، تاجر اور زمیندار بھی شامل ہیں۔