الیکشن کمشن نے انتخابی فہرستوں کے جائزے کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کر دی

16 اپریل 2018

اسلام آباد+ کوئٹہ (خصوصی نمائندہ+ بیورو رپورٹ) الیکشن کمشن نے انتخابی فہرستوں کے جائزے کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کر دی ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق آخری تاریخ تک ووٹ کا اندراج، منتقلی اور تنسیخ کرائی جا سکتی ہے۔ شہری اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر کو 8300 کو موبائل سے پیغام کے طور پر بھیج کر اپنے ووٹوں کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ کمشن نے شہریوں کو متعلقہ ضلعی مراکز کے ڈسپلے سنٹر سے ووٹ کے اندراج یا منتقلی کے لئے فارم 15، تنسیخ کے لئے 16 اور درستگی کاغذات کے لئے فارم 17 حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمشن میں ( آج) پیر کو ضلع چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اور فیصل آباد کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنیں جائیں گے جبکہ ضلع سرگودھا، حافظ آباد ، میانوالی، اور بھکر کی اپیلوں کا فیصلہ بھی سنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن میں نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹانے کا سلسلہ جاری ہے ، ( آج) پیر کو ضلع چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اور فیصل آباد کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنیں جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اعتراضات سنے گا، دوسری جانب الیکشن کمشن (آج) ضلع سرگودھا، حافظ آباد، میانوالی اور بھکر کی اپیلوں کا فیصلہ بھی سنائے گا، ضلع پشاور اور گجرات کی اپیلوں کا فیصلہ (کل) منگل کو سنایا جائے گا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق الیکشن کمشن آف پا کستان کے شعبہ انتخابی فہرست کے ڈائریکٹر بابر ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل 24اپریل تک جاری رہے گا، صوبے میں 1400جبکہ کوئٹہ میں 90ڈسپلے سنٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں ووٹر فہرستیں آویزاں کی گئی ہیں ،غیر حتمی انتخابی فہرستوں کے مطابق بلوچستان میں اس وقت کل 4194311 رائے دہندہ ہیں، دسمبر 2017ء کے بعد مارچ 2018ء تک صوبے میں کل 489397 رائے دہندگان کا اضافہ ہوا ، یہ بات انہوں نے اتوار کو صوبائی الیکشن کمشن دفتر میں پر یس کانفرنس کر تے ہوئے کہی، اس موقع ضلعی الیکشن کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔