اعلیٰ عدلیہ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانا وفاق کی بڑی کامیابی ہے: سلیم مانڈ وی والا
کراچی (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ آج فاٹا کو قومی دھارے میں لانا بہت بڑی کامیابی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا اہم بل پاس کر لیا گیا ہے، فاٹا کے عوام دہائیوں سے اپنے حقوق کی جنگ لڑرہے تھے، یہ ان کا حق تھا۔ انہوں نے کہاکہ اب فاٹا کے عوام پر یکساں قوانین نافذ ہو سکیں گے، یہ وفاق کی بہت بڑی کامیابی ہے، فاٹا میں امن قائم کرنا بہت بڑا چیلنج رہا ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ وہاں کے محب وطن عوام دہشت گردی سے چھٹکارا چاہتے ہیں، فاٹا میں تعمیر و ترقی کانیا سفر شروع کیا جائے۔ فاٹا کے عوام کی ترقی قومی دھارے میں شمولیت ہی سے ممکن تھی، اب انہیں قومی وسائل سے یکساں حصہ فراہم کیا جائے، اعلیٰ عدلیہ کا دائرہ کار بھی فاٹا تک پھیل چکا ہے، فاٹا کے عوام کو روزگار کے مواقع دیئے جائیں گے۔