ہمیں دشمن سے زیادہ آستین کے سانپوں سے خطرہ، ناکام قیادت کی وجہ سے ادارے تباہ ہوئے: سراج الحق

16 اپریل 2018

لاہور +کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ناکام قیادت کی وجہ سے قومی ادارے تباہ ہوئے اور ہمیں دشمن سے اتنا خطرہ نہیں جتنا آستین کے سانپوں سے ہے، کراچی میں کوئی نیا تعلیمی ادارہ نہیں بنایا گیا اور یہاں صاف پانی تو دور کی بات شہریوں کو پانی ہی میسر نہیں۔کراچی میں پارٹی کے یوتھ الیکشن کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا پی آئی اے ،ریلوے اور پاکستان سٹیل جیسے ادارے مقروض ہوگئے۔ یہ ادارے چور اور کرپٹ قیادت کی وجہ سے تباہ ہوئے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا ملکی مجموعی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن قومی اسمبلی میں ان کی کوئی نمائندگی نہیں۔ کراچی میں کوئی نیا تعلیمی ادارہ نہیں بنایا گیا اور یہاں صاف پانی تو دور کی بات شہریوں کو پانی ہی میسر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کراچی میں بلدیاتی اور سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ جے آئی یوتھ گلی کوچے کی سطح پر شہریوں کی خدمت کرے گی۔