شام پر امریکی حملہ اسرائیل کی بالا دستی قائم کرنے کی گھنائونی ساز ش ہے،باقربخاری
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میجر(ر) سیدباقرحسین بخاری نے شام پر امریکی حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی بالادستی قائم کرنے کی گھنائونی سازش قرار دیا ہے، اسلام کی سرفرازی کیلئے کربلا والوں کی راہ ِ قربانی اختیار کرنا ضروری ہے ،خاندان رسالت ؐ نے کربلا میں فیصلہ کن معرکہ حق و باطل میںیزیدیت کا سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیااور عظمت کربلا کو مسخ کرنے کے خواہشمند زر خرید قلم فروشوں کو ناکا م کردیا ، حرملہ کے تیر ستم سے زخمی ششماہے علی اصغر ؑ نے حسین ؑ کے ہاتھوں پر مسکر ا کر دنیائے طاغوت پر واضح کر دیا کہ اولاد علی ؑ و فاطمہ ؑ کے صغیر و کبیر افراد باطل کے سامنے سر نہیں جھکاتے۔ان خیالات انہوں نے اتوارکومختارآرگنائزیشن کے زیراہتمام یوم سفرشہادت حسین ؑ کی مناسبت سے فکرحسینیت ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اُنہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ صدر ٹرمپ کا دہشتگردی کو اسلام سے جوڑ نا اور امریکہ اسرائیل بھارت گٹھ جوڑ مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیاء کے خطوں اور پوری انسانیت کیلئے عظیم خطرہ ہے لہٰذا اقوام متحدہ شام پر امریکی حملے کا فوری نوٹس لے کر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرے ، مسلم حکمران او آئی سی کا اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل وضع کریں۔ کانفرنس سے پروفیسرذوالقرنین حیدر، ڈاکٹرسیدثمررضانقوی ، علی رضاحیدری ، پروفیسرعلی مرزااوردیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔