نیو اسلام آباد ائرپور ٹ کے افتتاح میں متعدد رکاوٹیں سامنے آ گئیں
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے20 اپریل کو افتتاح کیلئے تیاریوں میں کئی رکاوٹیں سامنے آگئیں۔ اے ایس ایف بیس کیمپ کی عمارت نامکمل کھڑی ہے صرف دو بلاک بن سکے لیڈیز ہاسٹل، پولیس بلاک، میس، یوٹیلٹی بلاک، ایڈمن بلاک سمیت کئی شعبے مکمل نہ ہو سکے۔ ائرپورٹ کی سکیورٹی کیلئے مختص کی گئی اڑھائی ہزار کی بجائے صرف 1100 اے ایس ایف اہلکار ہی پہنچائے جا سکے۔ نیوائرپورٹ میں پانی اور گیس کی فراہمی کے مسائل بھی سامنے آئے۔ کیفے ٹیریا کی سہولت مکمل نہ ہو پائی۔ ڈومیسٹک ڈیپارچر پر کئی مقامات پر کام نامکمل ہے اور ارائیول میں صفائی کی جا رہی ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی انتظامات کو غیر تسلی بخش پایا تھا۔