دل کی جان لیوا بیماریوںکی وجہ بننے والے جینز کا سراغ مل گیا: نئی تحقیق
لندن (بی بی سی نیوز) سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسے جینیات کی شناخت کر لی ہے جو دل کی جان لیوا بیماری کا باعث بنتے ہیں اور جن کا علاج دل اور پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ ہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس بیماری کا باعث بننے والے پانچ جینیات کو دریافت کر لیا ہے۔ محقیقین کے خیال میں اس دریافت سے اس بیماری کی جلد تشخیص کے ساتھ ساتھ علاج کے نئے طریقہ کار میں بھی مدد ملے گی۔ اس وقت برطانیہ میں پلمنری آرٹیریئل ہائپرٹینشن (پی اے ایچ) سے متاثرہ افراد کی تعداد 6500 ہے اور اس کی وجہ سے دل سے پھیپھڑوں تک خون کو منتقل کرنے والی شریانیں سخت اور موٹی ہو جاتی ہیں جو حرکت قلب بند ہونے کا باعث بنتی ہیں۔ سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ ان افراد میں پانچ جینز میں تغیرات اس بیماری کی وجہ ہیں۔ ان میں وہ چار جینز بھی شامل ہیں جن کے بارے میں اس سے پہلے سمجھا جاتا تھا کہ وہ اس بیماری کی وجہ نہیں ہیں۔