واں بھچراں: شہریوں نے ڈاکو پکڑ لیا چھترول کے بعد پولیس کے حوالے
واں بھچراں (نامہ نگار) ہرنولی کے قریب دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کرنے والے ڈاکوئوں کو شہریوں نے ہمت و جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ چھترول کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پرویز نامی شخص اپنے گھر سے سنداں والہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نوے ہزار کالونی کے قریب ڈاکوئوں نے اسے روکا اور دو موبائلز اور 48 ہزار روپے کی رقم چھین لی اور فرار ہونے لگے۔ اطلاع پر سندانوالہ کی مساجد میں اعلانات کرائے گئے جس پر دیہاتیوں نے گھیرا ڈال کر ڈاکوئوں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ عوام نے بھی فائرنگ کی اور ملزمان کو پکڑ لیا اور خوب مرمت کی۔ اس موقع پر پولیس بھی پہنچ گئی اور ملزمان کو تھانے بند کر دیا۔