صوبائی بجٹ پیش نہیں کیا جائیگا‘ نئی حکومت کا حق ہے ‘ پرویز خٹک

16 اپریل 2018

پشاور (بیورو رپورٹ)وزیرِاعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ پیش نہ کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے واضح کیا ہے کہ بجٹ نئی آنے والی حکومت کا حق ہے۔گزشتہ روز وزیر اعلی ہاؤس پشاورمیں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبرپی کے حکومت نے آئندہ مالی سال 2019- 2018 کا بجٹ پیش نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جولائی میں عام انتخابات ہونے والے ہیں اور اگست میں نئی حکومت بھی آ چکی ہو گی، ہم سیاسی فائدے کے لئے صرف چند ماہ کا بجٹ پیش نہیں کر سکتے۔ پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن)کے منحرف رہنما سلیم سیف اللہ نے تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی معاہدہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے جس میں انہیں تحریک انصاف کی مکمل معاونت حاصل ہوگی جب کہ بدلے میرا پورا خاندان پی ٹی آئی کو جنوبی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں تعاون فراہم کرے گا۔