قومی فٹبال ٹیم کیلئے برازیلین کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی: فیصل صالح حیات

16 اپریل 2018

اسلام آباد(خبر نگار) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے برازیلین کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی،غیر ملکی آفیشل کو مشاہرے کی ادائیگی کیلئے بحرین معاونت کرے گا،پاکستانی کھلاڑیوں کایومیہ الائونس دگناکرکے 200ڈالرز کردیا گیا ہے،قومی نیشنل کپ کی انعامی رقم میں 500گنا اضافہ کرتے ہوئے ساڑھے 25لاکھ روپے کردی گئی ہے۔پنجاب ٖفٹبال ایسوسی ایشن کانگرس کے سالانہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال کو عروج کی طرف گامزن کرنے کیلئے گراس روٹ لیول سے اوپر تک کام کرنا ضروری ہے،نئے ٹیلٹ کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،تمام اضلاع میں ٹورنامنٹ کروائے جائیں گے، پہلا مرحلہ پنجاب سے شروع ہوگا، اس مقصد کیلئے ہر ضلعے کی استعداد اور ضرورت کے مطابق فنڈز دیئے جائیں گے،3سال میں پاکستان فٹبال کو بڑا نقصان پہنچا ہے،اس کی تلافی کیلئے سخت محنت اور انقلابی اقدامات کی سخت ضرورت تھی،فوری طور پر چند قدم اٹھائے ہیں،ان میں سب سے بڑا غیر ملکی کوچ کی تعیناتی ہے،برازیلین یوتھ ٹیم کیلئے کام کا تجربہ رکھنے والے جوزانتونیوناگوراکیساتھ 3سال کا معاہدہ ہوا ہے،ان کا مشاہرہ کافی زیادہ تھا،جس کیلئے دوست ملک بحرین نے معاونت کی حامی بھر لی ہے، ویمنز فٹبالرز کو بھی نظر انداز نہیں کررہے،جاپان سے خاتون کوچ کی بات چیت چل رہی ہے جس کی خدمات بلامعاوضہ حاصل ہونگی،پاکستان کی قومی ٹیم ایشین گیمز اور اے ایف سی چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے ڈیڑھ ماہ کے تربیتی کیمپ کے بعد 4بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلے گی جس سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے امکانات روشن ہونگے،افغانستان کیساتھ میچز کیلئے بات چیت جاری ہے،فیفا اور اے ایف سی دو گول پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی درخواست کی تھی،جس کی اصولی طور پر منظوری دی جاچکی ہے،چمن اور لیاری میں منصوبے مکمل کریں گے،مزید دو پراجیکٹس کیلئے بھی درخواست کی ہے،ایک پنجاب ،دوسرا خیبر پختونخوا میں ہوگا،پاکستان میں فٹبال کے ڈویلپمنٹ فنڈز معطلی کی وجہ سے رکے ہوئے تھے،پی ایف ایف کی حیثیت بحال ہوجانے کے بعد 4.3ملین ڈالرز کے فنڈز دینے کی حامی بھر لی ہے،اس رقم سے کئی مسائل حل ہوسکیں گے۔