’’دُعا اور دَوا‘‘

16 اپریل 2018

حبابِ کرام کی ایک محفل تھی بڑی خوبصورت اور دلنشیں۔تعلیم کے مختلف شعبوں سے تعلّق رکھنے والے حضرات اُس محفل کا حصّہ تھے اور باری باری سٹیج پر آ کر اپنی کارکردگی اور کاوشوں کے بارے میں سامعین کو بتا رہے تھے اور خوب داد وصول کر رہے تھے۔ایسا محسوس ہوا کہ تعلیم کے بہت سے دیے ایک ساتھ موجود ہیں جو اپنے ارد گرد روشنی بکھیر رہے ہیں۔ پھر ایک صاحبہ جومیرے لیے بڑی قابلِ احترام شخصیّت کا درجہ رکھتی ہیں اور ادب کے شعبہ سے وابستہ ہیں سٹیج پر آئیں اور اپنی خدمات اور کاوشوں سے پردہ اٹھانے لگیں۔ ادب سے تھوڑے بہت لگاؤ کے باعث ادب کے شعبہ کے لیے اُن محترمہ کی شب و روز کی کاوشوں کو سن کر بہت خوشی محسوس ہوئی۔اس کے ساتھ میں ہی انہوں نے ایک جملہ کہا جس پر میں قدرے الجھن کا شکار ہو گیا۔فرمانے لگیں کہ اُردو ادب کو ہمارے معاشرے میں کچھ خاص قدر و منزلت حاصل نہیں اس لیے کہ ادب والے صرف کثیلے اور کڑ وے حالات و حقائق کوصرف شیریں لہجے میںلوگوں کے سامنے سہل کر کے پیش کر دیتے ہیں۔انہوں نے تمام افراد سے بل واسطہ یا بلا واسطہ اپنی ادبی تنظیم سے وابستہ اور اُس کی سرگرمیوں سے رضا کارانہ طورپر منسلک ہونے کی درخواست اور گزارش کی۔ میرا تذبذب اور الجھن اُس لمحے پشیمانی میں تبدیل ہو گئی جب ہال میں موجود تمام حاضرین کے ملے جلے ردّ عمل نے ان کے اُس جملے کو حقیقت کا روپ دے دیا۔جیسے کہ ہماری قوم کا ایسے مواقع پرایک مخصوص ردّعمل ہوتا ہے کہ ہم ایسے حالات میں عموما ً چہ مگوئیاں کرتے ہیں اور کن اکھیوں سے ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں۔کافی چہ مگوئیوں کے بعد پورے ہال میں سے سوائے چند ایک افراد کے کسی نے حامی نہ بھری۔اور میں جو چیز سوچ رہا تھا اور محسوس کر رہا تھا وہ یہ تھی کہ ہم اجتماعی سطح پر ایک جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔مثال کے طور پر یہ محفل یا اسے سیمینار کا خطاب دے لیں یہ خالصتاً تعلیمی سرگرمیوں سے وابستہ تھامگراس میں یہ تلخ اور کثیلا انکشاف ہوا کہ ہم لوگوں نے تعلیم اور ادب کے درمیان ایک لکیر کھینچ ڈالی ہے۔اسے ہمارا اجتماعی روّیہ سمجھ لیں کہ تعلیم سے وابستہ افراد چاہے اُن کا تعلّق سائنس اورٹیکنالوجی سے ہو یا معاشیات اور بنکاری جیسے شعبوں سے ہمارے ذہن کے کسی گوشے میں یہ گمان بہت پختگی سے قائم ہے کہ ادب صرف اور صرف اُردو کی چند تصانیف یا شعر و شاعری کے چند دیوانوں تک محدود ہے۔اور اس کا دیگر علوم و فنون سے تعلّق ہی نہیں اور صاحب یہ کہ ادب و آداب والے لوگ تو صرف کتابیں پڑھنا اور محافل میں واہ ،واہ کرنا ہی جانتے ہیں۔ اس کے علاوہ معاشرے میں یا تعلیم کے شعبے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔اور قارئین حالانکہ میں خود سائنس وٹیکنالوجی سے وابستہ ہوں مگر میرے خیال میں یہ رویہ اس قدر طاقتور ہو گیا ہے کہ سکول،کالجوں یا یونیورسٹی سطح پر بھی ہونے والی ریسرچ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی تک ہی محدود سمجھی جاتی ہے اور اُسے بھرپور پذیرائی ملتی ہے اور ادب کا شعبہ گویا کوئی معنی نہیں رکھتا اور بے وقعت ہے ۔اور جوں جوں ہم اپنے اندر اس پنپتے روّیے کو اس قسم کے خیالات سے تقویّت دے رہے ہیںتوں توں ہمارا معیار تعلیم پستی کی جانب جا رہا ہے۔میں اس پر بہت سوچتا بھی ہوں اور الجھن کا شکار بھی ہوں بلکہ میں نے کئی احبابِ دانش سے اس موضوع پر بات چیت بھی کی کہ آخر ایسا کیوں ہے کہ قطع نظر اس کے کہ یہ اپنے علوم کی نوعیّت میںالگ ہیں ہم نے ادب اور سائنس کو جدا جدا کرڈالا ہے ۔اور یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ ان کا آپس میں کوئی تعلّق اور ربط نہیں۔اور تعلیم کے ’’ٹایٹل‘‘ کے نیچے صرف اور صرف سائنس کو قید کر ڈالا ہے۔احبابِ کرام میری ناقص رائے میںعلم نافع چاہے جس صنف سے بھی تعلّق رکھتاہو وہ علم ہے اور بلند مرتبہ ہے۔اور انسانیت کی خدمت ہے۔پھر چاہے یہ میڈیکل اور ڈاکٹری شعبہ ہو،سائنس وانجینٔرنگ ہو یاٹیکنالوجی اورمعاشیات سے وابستہ ہو انسان کی خدمت اور اُس کی سہولت کے لیے ہے۔یہ’’ دوا‘‘ ہے جو انسان نے اﷲکے فضل سے بنائی ہے مختلف امراض کے لیے ۔جہاں جسمانی بیماری ہو گی وہاں میڈیکل سائنس اپنی خدمات پیش کرتی ہے اور جہاں مشینی اور پیمائشی امراض اور مسائل ہوں گے وہاںسائنس وانجینٔرنگ اورٹیکنالوجی ۔اور دوسری جانب ادب جو محبت،امن و آتشی ،رحمت ،خلوص،سکون ،عافیّت،رواداری کا پیغام بانٹتا ہو وہ بھی خدمتِ انسان کا باعث ہے۔یہ بھی علم ہے بڑا اہم اور افضل۔ اور یہ ’’دعا‘‘ ہے ۔دونوں ایک ہی آئینے کے دو پرتوُ ہیں۔گویا یہ دعا اور دوا والا معاملہ ہے۔اور یہ روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ دوا بغیر دعا کے ناکام ہے۔نِرا سائنس اور اعدادو شمار کا علم ہی انسانیت کے دکھ درد دور نہیں کر سکتا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ فطرت ِ انسانی کے بنیادی ستون جن پر معاشرے کی عمارت قائم ہوتی ہے اُن کی اہمیّت سے بھی کسی طور سے انکار ممکن ہی نہیں۔جس طرح سائنس کی بدولت ایجادات ہوئی اور ہو رہی ہیں ویسے ہی ادب بھی تخلیق کا دوسرا نام ہے۔ادب احساسات کی زمین پر محبّت اور رحمت کے بوٹوں کی آبیاری کرتا ہے۔یہ رہنمائی عطا کرتا ہے،مسکراہٹیں بکھیرتا ہے۔ کڑوے اور کثیلے میں مٹھاس بھرتا ہے۔ یہ بات قابلِ فخر ہے اور میں اس سے کسی صورت انکار نہیں کر سکتا کہ حالیہ برسوں میں ہمارے موجودہ تعلیمی نظام میں اور اعلیٰ سطوح پر سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم میں بے شمار ترقّی اور جدّت لائی گئی زمیں اور آسماں اور ان کے پوشیدہ رازوں سے پردہ اُٹھانے کی جاں توڑ کوشش کی گئی ہے مگر اس سب کے ساتھ ساتھ جو خطرہ لاحق اور درپیش وہ یہ کہ ہم ادب کو پیچھے چھوڑتے جا رہے ہیں۔اور خدانخواستہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اپنے اداروں،اور اپنے طلباء کو ادب سے اتنا دور کر دیں کہ وہ بے ادب ہی نہ ہو جائیںاور ہمارے پاس صرف دوا ہی دوا رہ جائے اور ’’دعا ‘‘ہم سے ویسے ہی روٹھ جائے،اور جب دُعا روٹھ جائے توپھر سب فنا ہو جاتا ہے۔اﷲپاک ہمیں علم اور ادب کا صحیح ادراک اور فہم نصیب کرے او رہماری رہنمائی فرمائے۔آمین۔