;تاحیات نااہل قرار دیکر بھی نوازشریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا: عابد شیر

16 اپریل 2018

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دینے والے انہیں 22 کروڑ عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے۔ قائد میاں محمد نواز شریف کے سپاہی انہیں پہلے سے زیادہ طاقت سے دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے انرجی چوہدری عابد شیرعلی نے حاجی خالد محمود صدیقی جنرل سیکرٹری انجمن تاجران المدینہ کمرشل مارکیٹ کی رہائش گاہ پر الیکشن مہم 2018ءکے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے شرکاءسے کیا۔ اس موقع پر کوارڈینیٹر پی پی 107 ملک شہزاد‘ چوہدری ارشد گجر‘ سرفراز نومی‘ شاہد گھمن‘ ملک شہزاد‘ میاں کاشف‘ میاں فیصل‘ چوہدری ایاز جٹ‘ طاہر صدیقی‘ غلام رسول صدیقی‘ جعفر حسین‘ مرزا محمد صدیق‘ محمد عمران‘ نعمان خالد‘ نعمان گجر کے علاوہ اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیرمملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم کا ایجنڈا ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف جب اقتدار میں ملک و قوم اور اداروں کی توقیر میں اضافہ کیا ہے انہیں ملکی ترقی‘ خوشحالی کی سزا دی جارہی ہے ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملک سے دہشت گردی ‘ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں کا خاتمہ کیا۔ صنعتی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو اپنے عزائم میں ناکامی ہوئی ہے۔ جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کرنےوالے نام نہاد لیڈر کبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتے۔ اس سے قبل میزبان حاجی خالد محمود صدیقی جنرل سیکرٹری انجمن تاجران المدینہ کمرشل مارکیٹ نے وزیرمملکت چوہدری عابد شیرعلی کا سی سی 78 کے تمام مسائل حل کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے الیکشن مہم میں کئے گئے تمام تر وعدے پورے کر دیئے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ سی سی 78 کا قاسم پارک ابتر صورتحال اختیار کر چکا ہے اسے دوبارہ تعمیر کیا جائے‘ ہمیں یقین ہے کہ جو چھوٹے موٹے کام رہ گئے ہیں 2018ءکے الیکشن میں کامیابی کے بعد انہیں حل کر دیا جائے گا۔
عابد شیر علی