جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ‘حافظ نعیم الرحمن

16 اپریل 2018

کراچی (نیوز رپورٹر)تاجر اتحاد کراچی کے نمائندہ وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی ۔وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو کراچی کے تاجران کو درپیش مشکلات اور کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور فراڈ بلنگ سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بجلی کی بے وقت بندش نے کاروباری سر گرمیوں کو ٹھپ کر دیا ہے ،کام کے اوقات میں بجلی کے نہ ہو نے سے کارو باری سر گرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا ،فراڈ بلنگ سے پیداواری لاگت میں اضافے سے نفع نہ ہو نے کے برابر ہو گیا ہے ۔جس سے کاروباری طبقہ تباہی سے دوچار ہے ۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن سے اپیل کی کہ وہ تاجران کی آواز بن کر ان کو ظلم سے نجات دلائیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔کراچی کو تباہ کر نے کی سازش کا مقابلہ کریں گے ۔جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف پہلے سے ہی تحریک شروع کر رکھی ہے ۔تاجر برادری ہماری جدوجہد میں شامل ہو جائے تو اس سے بھی دبائو بڑھے گا ۔