عمران خان کراچی سے ا لیکشن لڑیں گے‘ عمران اسماعیل

16 اپریل 2018

کراچی ( نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹر ی جنرل عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پوری پارٹی کا حتمی فیصلہ ہے کہ چیئرمین عمران خان کراچی سے الیکشن لڑیں گے اور تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔ ہم اپنے مخالفین اور خاص طور پر بلاول زرداری اورآصف زرداری کو بھی یہ چیلنج کرتے ہیں کہ اگر وہ اپنے آپ کو اتنا بڑا لیڈر سمجھتے ہیں تو آئیں چیئرمین عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑ کے دکھائیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاوس‘‘ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی ، سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ، ڈاکٹر سنجے، شہزاد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے اے پی ایم ایل کراچی کے نائب صدر و بانی رکن عمران صدیقی کی قیادت میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ پریس کانفرنس کے دوران شمولیت اختیار کرنے والوں میں ایم کیو ایم کے عہدیدار جمشید اور پی ایس پی سے تعلق رکھنے والے عہدیدار نفیس الرحمان شیخ بھی شامل تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الحسن کے گھر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شہر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت ہے۔ کے الیکٹرک کراچی میں کلر الیکٹرک بنی ہوئی ہے۔ سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف آج کہتے ہیں کہ ہم کراچی کو روشنیوں کا شہر بنا دیں گے۔