میاں شہباز شریف کا دورہ کراچی خطرے کی گھنٹی مخالفین پریشان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ غلام شعیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک گیر عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں اندرون ملک اپنے پہلے دورے کیلئے کراچی کا انتخاب کرکے یہاں کے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ معاشی حب کی اہمیت تسلیم کرکے انہوں نے بتا دیاکہ کراچی کوکسی طرح نظرا نداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ غلام شعیب نے کہاکہ میاں شہبازشریف کے دورہ کراچی کے ملکی بالخصوص سندھ کی سیاست پرمثبت نتائج برآمد ہوںگے۔ مخالفین ا نکی عوامی رابطہ مہم پر دورہ کراچی سے پریشان ہوگئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ کے مرکزی صدرنے کراچی کے عوام کیلئے جن نیک خواہشات کا اظہار کیا اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ میاں شہباز شریف کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھناچاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آنے والے دنوں میں مسلم لیگ (ن) کا نئے ولولے‘ جوش اور جذبے کے ساتھ ملک گیر سیاسی سفر کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بڑی سیاسی جماعت‘ عوامی طاقت اور سمندر ہے کسی کے جانے سے مخالفین خوشیاں نہ منائیں۔ آئندہ الیکشن میں مخالفین کی شکست ان کا مقدر ہے۔ پارٹی کے تاحیات قائد میاں نوازشریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں‘ ان کا ساتھ چھوڑنے والے فصلی بیڑے ہیں جن کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے‘ کل بھی مسلم لیگ (ن) کا تھا مستقبل بھی نواز لیگ کا ہے۔