محکمہ صحت پنجاب کی خریدی ادویات میں سے 80 غیر معیاری، مخصوص بیجز پر پابندی
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں مفت فراہمی کیلئے خریدی گئی ادویات میں سے 80غیرمعیاری ادویات کی مخصوص بیجز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب کے فارما کو ویجیلنس یونٹ نے نومبر 2017ء سے اپریل 2018ء تک مختلف نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں کی 80ادویات کو غیرمعیاری قرار دیا تھا۔ مگر ان 80ادویات کی فروخت کا سلسلہ سرکاری ہسپتالوں‘ میڈیکل سٹورز پر جاری رہا تاہم محکمہ صحت پنجاب ڈرگ ڈیپارٹمنٹ نے ان ادویات کو مارکیٹ سے اٹھانے کا کام شروع کر دیا ہے اور سرکاری ہسپتالوں سے بھی ادویات سٹورز سے اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ یہ ادویات دل‘ ہیپاٹائٹس، جسم کے درد‘ گلے کے درد‘ تیزابیت اور دیگر اینٹی بائیوٹک پر مشتمل ہیں۔