مخالفین ہمارے خلاف سازشوں کی بجائے اپنے صوبوں کی فکر کریں‘ برجیس طا ہر
اسلام آباد (نا مہ نگار) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ خنجراب تا گوادر پاکستان کے عوام کی خدمت2018کے انتخابات کے بعد بھی جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال کی مسلم لیگ ن کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور اسی کارکردگی اور عوام دوست پالیسیز کی بنیاد پر مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی اور دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی، اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وژن ، سوچ اور نظریے کی بدولت پاکستان کو ایک مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور اگر ترقی و خوشحالی کے اس راستے پر سفر جاری رکھا گیا تو اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک روشن اور تابناک مستقبل پاکستان کا منتظر ہے ، انہوں نے کہا کہ ان تمام تر سازشوں کے باوجود مسلم لیگ ن اپنی معنیہ مدت مکمل کرنے جا رہی ہے ، جو جمہوریت ، عوام اور مسلم لیگ ن کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ہمارے خلاف سازشیں کرنے کی بجائے اپنے اپنے صوبوں کی فکر کریں جہاں ان کہ نااہلی اور کرپشن کی باعث ایک بدترین شکست ان کی منتظر ہے ۔