ووٹ کے اندراج‘ اخراج‘ درستگی کیلئے 9 دن باقی

16 اپریل 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن میں ( آج) پیر کو ضلع چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اور فیصل آباد کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنیں جائیں گے جبکہ ضلع سرگودھا، حافظ آباد، میانوالی اور بھکر کی اپیلوں کا فیصلہ بھی سنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹانے کا سلسلہ جاری ہے ، ( آج) پیر کو ضلع چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اور فیصل آباد کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنیں جائیں گے، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اعتراضات سنے گا، دوسری جانب الیکشن کمیشن ( آج) ضلع سرگودھا،حافظ آباد ، میانوالی، اور بھکر کی اپیلوں کا فیصلہ بھی سنائے گا، ضلع پشاور اور گجرات کی اپیلوں کا فیصلہ (کل) منگل کو سنایا جائے گا۔ عام انتخابات 2018 کے لئے انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج, اخراج و درستگی کے لیے9دن باقی رہ گئے، انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج, اخراج و درستگی کی آخری تاریخ 24 اپریل 2018 ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کے جائزے کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آخری تاریخ تک ووٹ کا اندراج‘ منتقلی اور تنسیخ کرائی جا سکتی ہے۔ شہری اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر کو 8300 کو موبائل سے پیغام کے طور پر بھیج کر اپنے ووٹوں کی تصدیق کر سکتے ہیں۔