قلعہ دیدار سنگھ: گھریلو ناچاقی پر بھائی نے بہن اور دادی کو تشدد، فائرنگ کے قتل کردیا

16 اپریل 2018

گوجرانوالہ (آئی این پی + صباح نیوز) گوجرانوالہ کے علاقہ تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں گھریلو ناچاقی پر بھائی نے 17 سالہ بہن اور 100 سالہ دادی کو فائرنگ اور تشدد کرکے قتل کردیا ، ملزم کی دوسری بہن شدید زخمی ہو گئی، تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے گائوں گڑھا میںملزم سفیان نے گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی 17 سالہ بہن اقرا اور 18 سالہ بہن سدرہ پر ڈنڈوں سے شدید تشدد کیا، بعد ازاں ان پر فائرنگ کردی۔ اسی دوران دادی اپنی پوتیوں کو بچاتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں دادی پوتی دونوں جاں بحق ہوگئیں جبکہ ملزم کی بہن سدرہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزم سفیان واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بہنوں پر فائرنگ کی جنہیں بچاتے ہوئے دادی زد میں آگئی اور ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جب کہ ملزم کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے پولیس کوبیان دیتے ہوئے کہا ملزم نے تلخ کلامی کے بعد اپنی بہنوں پر فائرنگ کی، واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا ہے۔