اسلامی ملکوں کی فوج بھی مسلمانوں پر ظلم ختم نہ کراسکی‘ نورقاسمی

16 اپریل 2018

سکھر(بیورورپورٹ)پاکستان سنی تحریک سکھر زیر اہتمام علامہ مفتی عبدالرحیم سکندری اور کشمیر‘ فلسطین‘ افغانستان‘ شام‘ برما کے مسلمانوںکیلئے دعائیہ تقریب ہوئی۔ جس میں علماء بورڈ کے رکن حافظ اسلم سلطانی‘ حافظ محمد مٹھل قاسمی‘ مولانا حسن سکندری‘ محمد رضوان قادری‘ غلام یاسین کھوسو‘ طالب حسین میرانی‘ عبد الصمد قادری‘ محمد سہیل قادری و دیگر موجود تھے۔ سنی تحریک سندھ کے صوبائی صدر نور احمد قاسمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالرحیم سکندری سچے عاشق رسول تھے جنہوں نے سندھی زبان میں بے شمار کتابیں لکھیں جس پر اہل سنت کو ان پر فخر تھا ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے جو اسلامی ملکوں کی فوج بنائی ہے کیا وہ اپنے تحفظ کیلئے ہے جن اسلامی ممالک میں امریکی دہشت گردی ہورہی ہے۔ اس کو کون روکے گا مسلم حکمرانوں نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ لی ہے۔ کشمیر‘ فلسطین‘ شام‘ برما‘ افغانستان میں مسلمانوں کی نسل کشی میں مغرب ملوث ہے۔ اقوام متحدہ کا اسلام دشمن رویہ کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ کشمیری اور مسلمان بھائیوں کا پانی کی طرح خون بہایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ انصاف اور انسانیت کا قتل کررہی ہے۔ ہم پرائیویٹ جہاد کے حق میں نہیں ہیں۔ پاک فوج جہاد کا اعلان کرے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قندوز مدرسہ امریکی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں دوسو سے زیادہ حافظ قرآن بچوں اساتذہ اور شہریوں کا قتل عام کیا گیاہے مگر بزدل مسلمان حکمرانوں نے اس کی مذمت نہیں کی۔