وکلاء خطرات کے باوجود ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں‘ وقاص صدیقی

16 اپریل 2018

حیدر آباد (نامہ نگار) پاکستان لائرز فورم پاک سرزمین پارٹی کے ایک وفد نے سندھ پراسیکیوشن ویلفیئر ایسوسی ایشن کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق میں جاری احتجاجی تحریک میں اظہار یکجہتی کیلئے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر آفس حیدر آباد کا دورہ کیا اور احتجاجی سرکاری وکلاء اور پراسیکیوشن کے عملے سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کیا‘ وفد کی قیادت پاکستان لائرز فورم حیدر آباد کے صدر وقاص صدیقی ایڈووکیٹ‘ نائب صدور سلیمان سروری ایڈووکیٹ و قیصر حسن خان ایڈووکیٹ نے کی۔ اس موقع پر وفد نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر احمد رضا صدیقی اور سرکاری وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاک سرزمین پارٹی پراسیکیوشن اسٹاف کے جائز مطالبات کے سلسلے میں جاری احتجاجی تحریک میں اُن کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہاکہ پاک سرزمین پارٹی متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ پراسیکیوشن اسٹاف کے اَپ گریڈیشن‘ ٹائم اسکیل‘ بنیادی تنخواہ میں اضافہ‘ پراسیکیوشن بلڈنگ کی تعمیر‘ ترقیوں اور میڈیکل سہولیات سمیت دیگر مطالبات فوری منظور کرتے ہوئے عملدرآمد کروائیں یہ پراسیکیوشن اسٹاف اور سرکاری وکلاء اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی میں انتھک محنت اور ایمانداری سے اپنا کردار ادا کرتے ہیں حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ سرکاری وکلاء اور پراسیکیوشن اسٹاف کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے۔