محکمہ خوراک کے ملازم تنخواہ سے محروم‘ احتجاج کا انتباہ

16 اپریل 2018

حیدر آباد (نامہ نگار) محکمہ خوراک کے ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ خوراک ضلع خیرپور کے ملازمین کی بند کی گئی تنخواہیں فی الفور جاری کر کے ملازمین کے مطالبات تسلیم کئے جائیں بصورت دیگر کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا یہ مطالبہ آل سندھ فوڈ فیلڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالمجید بھمبھرو‘ امداد حسین اور دیگر نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طور پر محکمہ خوراک ضلع خیرپور کے ملازمین کی تنخواہیں بند کر دی گئی ہیں اس سلسلے میں مختلف اضلاع کے پریس کلب‘ وزیر خوراک‘ سیکرٹری اور دیگر متعلہ افسران کے سامنے متعدد بار احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے تاہم ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ خوراک کے جونیئر ملازمین کو ترقیاں دے کر سنیارٹی کی پامالی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ٹھیکیداری نظام کے تحت محکمہ اور ملازمین کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع خیرپور کے محکمہ خوراک کے ملازمین کی بند کی گئی تنخواہیں جاری کر کے‘ محکمہ کے ساتھ معاہدے کے تحت کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کر کے سنیارٹی کی بنیاد پر ملازمین کو ترقیاں دی جائیں۔