چیئرمین واٹر کمیشن کا اظہار برہمی میئر سکھر نے افسر صحت کو معطل کردیا
سکھر(بیورو رپورٹ)چیئرمین واٹر کمیشن کے اظہار برہمی کے بعد میئر سکھر نے شعبہ صحت کے افسر پیر عطا الرحمن کو معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق واٹر کمیشن کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ امیر مسلم ہانی کے اچانک سکھر کے دورے اور قریشی گوٹھ میں نکاسی آب سسٹم ناکارہ ہو نے کی وجہ سے ڈرینج کا پانی کھڑا ہونے اور علاقے میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر مئیر سکھر ، ڈپٹی کمشنر سکھر ، میونسپل کمشنر سکھر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا تھا اور انہیں کارکردگی بہترین بنانے کی ہدایات کی گئی تھیں تاہم بلدیہ اعلیٰ سکھر نے اپنی کارکردگی بہتر تو نہیں بنائی بلکہ او ایس ہیلتھ برانچ پیر عطاء الرحمن کو ناقص کارکردگی پر انہیں انکے عہدے سے فارغ کر دیا ہے زرائع کے مطابق پیر عطاء الرحمن او ایس ہیلتھ برانچ سمیت کارپوریشن کے پبلک ریلیشن آفیسر بھی ہیں اور اپنا کام نہایت ایمانداری اور فرض شناسی سے سر انجام دینے والے افسر ہیں تاہم ان کی ایمانداری اور ملازمین سے کام لینے والے سلسلے میں کارپوریشن کے کچھ افسران سمیت یوسیز چیئرمین ان سے ناراض تھے چہ مگوئیاں کی جا رہی ہے کہ مئیر سکھر نے اپنی ناقص کارکردگی کا سارا نزلہ او ایس ہیلتھ برانچ پر ڈال کر خود کو تمام الزامات سے بری الزمہ کر دیا ہے۔