اجتماعی آبرو ریزی کے ملزمان گرفتار نہ کرنے پر خاتون سراپا احتجاج

16 اپریل 2018

حیدرآباد( نامہ نگار) قصائی محلہ کوٹری کی مسماۃ سیما بنت منور عباسی نے حکومت او ر اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ انتقام کے لئے انہیں اغوا کرکے اجتماعی آبرو ریزی کا نشانہ بنوانے والی ان کی پڑوسن اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے سخت سزائیں دی جائیں۔ حیدرآباد پریس کلب میں ایک بار پھرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیما عباسی نے کہا کہ قاسم آباد میں ان کی سابقہ پڑوسن نے انہیں جسم فروشی کے راستے پر چلانا چاہا تاہم انکار اور احتجاج پر وہ ان سے لڑ پڑی۔ انہوں نے کہا کہ جھگڑا ہونے پر وہ قاسم آباد سے ترک سکونت کرکے کوٹری منتقل ہوگئیں تاہم پڑوسن نے ایک ایم پی اے سمیت بااثر افراد اور ان کے کارندوں کے ذریعے اغوا کرکے بلوچستان پہنچا دیا جہاں کئی روز تک مسلسل انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ آزادی ملنے پر انہوں نے کوٹری پہنچ کر کوٹری تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرایا تاہم ایس ایچ او کوٹری انہیں مقدمے سے دست بردار ہونے کیلئے مسلسل دھمکیاںد ے رہا ہے انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ، آئی جی سندھ اور دیگر ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔