اسلامی ممالک پر جارحیت عالم کفر کا معمول بن چکا: اشرف آصف جلالی

16 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ ٓکے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصٖف جلالی نے شام پر امریکی حملے اور مقبو ضہ کشمیر اور ایل او سی پر ہونے والی بھارتی جارحیت کے بارے میں کہا عالم کفر کی اسلامی ممالک پر جارحیت روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔امریکہ انٹر نیشنل تھانیدار بن کر مسلم ممالک میں دھشت گردی کر رہا ہے۔مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے ۔ مسلمانوں کے خلاف روزانہ کی پر تشدد کاروائیوں سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ معاذ اللہ مسلمان ہونا ایک جرم ہے اسلام دشمن قوتوں نے ملک شام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔ ابدالوں کی سر زمین شام کو یہودو نصاری نے اپنی آماجگاہ بنا لیا ہے۔ہندوستان میں برما جیسے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر لہو لہان ہے۔پوری دنیا میں مسلمان دہشت گردی کا شکار ہے۔عجیب بات ہے دہشت گرد بھی مسلمانوں ہی کو کہا جا رہا ہے۔ایسے مظلومیت اور مایوسی کے حالات میں امت مسلمہ کا علیحدہ بلاک نا گزیر ہے۔