ہم شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں: ایرانی مسلح افواج کے سربراہ کا اعلان
تہران (اے پی پی) ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کو دہشت گردوں کی شکست سے ان ملکوں کی مایوسی اور جھنجھلاہٹ کا نتیجہ قراردیا ہے۔ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے شام کے وزیردفاع علی ایوب سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ہے کہ جارحیت کا ارتکاب کرنے والوں کو نہ صرف ان کے غیر قانونی اور وحشیانہ اقدام کا کوئی فائدہ پہنچے گا بلکہ شام کی حکومت اورعوام ملکی غیر ملکی دشمنوں کے مقابلے میں اور زیادہ متحد اور مضبوط ہوں گے۔ ایران، شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا ۔ ایران ٹی وی کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ شام پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حملے سے عرب اور مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ وحشی اور جرائم پیشہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں استقامتی محاذ اور زیادہ مضبوط ہوگا۔