منہاج القرآن ’’ویمن پارلیمنٹ‘‘ کی 500 ارکان نے حلف اٹھا لیا

16 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام اپنی نوعیت کی پہلی’’ ویمن پارلیمنٹ‘‘ کی 500 اراکین نے گزشتہ روز منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب میںحلف اٹھایا، تقریب میں سندھ،بلوچستان،خیبرپختونخواہ،پنجاب،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سمیت بیرون ملک سے تعلق رکھنے والی عہدیدار خواتین نے شرکت کی فرح ناز کو ویمن پارلیمنٹ کا سپیکر اور افنان بابر کو سیکرٹری نامزد کیا گیا۔تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے ویمن پارلیمنٹ کی ممبران سے حلف لیا اور انہیں ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے جمع ہونے پر مبارکباد دی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر اور ویمن پارلیمنٹ کی سپیکر فرح ناز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ،خواتین میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ،سیاسی،سماجی،معاشی امتیاز کے خاتمے کے خلاف یہ پارلیمنٹ نے اپنا موثر کردار ادا کریگی۔ ویمن پارلیمنٹ کی ہر رکن ماسٹر ڈگری ہولڈر ہے اور پیشہ ورانہ تجربہ کی حامل خواتین کو بھی ویمن پارلیمنٹ کی رکنیت دی گئی ہے۔فرح ناز نے بتایا کہ ویمن پارلیمنٹ خواتین کی سماجی،معاشی بہبود اور انکے خلاف استحصالی رویوں کے انسداد کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی،اس کیلئے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے پارلیمانی سیکرٹریز کا تقرر عمل میں لایا جائیگا ۔انہوں نے بتایا کہ ہم تحریک منہاج القرآن اور اسکے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے خواتین کو دینی،سماجی کردار کی ادائیگی کیلئے منہاج القرآن کا باوقارپلیٹ فارم مہیا کیا،خواتین کی تربیت اور اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز رہا ہے۔فرح ناز نے ویمن پارلیمنٹ کی تقریب حلف برداری میں خصوصی شرکت کرنے پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور صدر ویمن لیگ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کا شکریہ ادا کیا۔