متحدہ محاذ اساتذہ کا مطالبات کے حق میں کل پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان
راولپنڈی ( آن لائن) متحدہ محاذ اساتذہ پاکستان نے کل (بروز منگل) پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے اس ضمن میں اساتذہ دن 11 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد جمع ہوں گے جہاں سے جلوس کی صورت میں پارلیمنٹ جائیں گے متحدہ محاذ اساتذہ نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگرملک بھر میں یکساں نظام تعلیم ، یکساں ٹائم سکیل اور جائز حقوق نہ دیئے گئے تو پُرامن د ھرنا بھوک ہڑتالی کیمپ میں تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان بھر کے اساتذہ کو یکساں نظام تعلیم اور یکساں پے سکیل دیئے جائیں، دیگر صوبو ں کی طرح پنجاب کے اساتذہ کو بھی ٹائم سکیل دیا جائے اپ گریڈیشن میں ای ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ سولہ ایس ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ17 اور پہلے سے موجود پی ایس ٹی اساتذہ کو 2 اضافی ترقیاں دی جائیں اساتذہ کے 2008ء کو ریلیز کئے گئے ہاؤس رینٹ الاونس کو موجودہ بنیادی تنخواہ پر بحال کیا جائے گروپ انشورنس تمام اساتذہ کو ریٹائرمنٹ کے وقت یکمشت ادا کی جائے، اساتذہ کو علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں، اس مر کا فیصلہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا اجلاس کی صدارت ایس ای ایس پنجاب چوہدری محمد داؤد خان اور پی ٹی یو ضلع راولپنڈی کے صدر راجہ شاہد مبارک نے کی۔