مفتی ہدایت اللہ کی رحلت پوری امت کا دکھ ہے: طاہرالقادری

16 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سرزمین اولیاء ملتان کی معروف علمی،روحانی ومذہبی شخصیت مفتی ہدایت اللہ پسروری کے انتقال پر ملال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی ہدایت اللہ پسروری کی رحلت کا دکھ پوری امت مسلمہ کو ہے۔ عالم اسلام ایک عظیم محدث،سچے عاشق رسول اور محب وطن پاکستانی سے محروم ہوگیا ہے۔ مفتی ہدایت اللہ پسروری کی پوری زندگی درس و تدریس،تحقیق اور دین اسلام کی خدمت میں گزری۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ مفتی ہدایت اللہ پسروری کے انتقال سے ملک ایک باعمل عالم دین سے محروم ہوگیا ہے۔دریں اثنا ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈا پور،نور اللہ صدیقی، امداد اللہ قادری، رائو محمد عارف رضوی ودیگر رہنمائوں نے بھی مفتی ہدایت اللہ پسروری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔