جمہوریت کے نام پر 70 برس سے بد ترین آمریت مسلط ہے: امیرالعظیم

16 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں پر خاندانی تسلط اور سیاست پر جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے قبضہ نے ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا۔ جمہوریت کے نام پر ستر سال سے ملک پر بدترین شخصی آمریت مسلط ہے وہ کبھی نام نہاد جمہوری حکومت اور کبھی مارشل لاء کی صورت میں عوام کی گردنوں پر سوار رہی اور عام آدمی اپنے جمہوری حقوق سے محروم رہا ۔ جمہوریت کی آڑ میں بچہ جمورا بار بار مداریوں کی نمائش گاہ بنا رہتاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میںPFUJ (دستور )کے صدر نوازرضا کی قیادت میں ملک بھر کے ضلعی عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل اظہر اقبال حسن، قیصر شریف ، رئوف طاہر ، فرخ سعید خواجہ اور حامد ریاض ڈوگر بھی موجود تھے ۔ امیر العظیم نے کہاکہ وراثتوں ، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی بنیاد پر کمپنیاں تو بنائی جاسکتی ہیں ، سیاسی اور عوامی جماعتیں قائم نہیں ہوسکتیں ۔جب تک سیاست سرمایہ داروں ، جاگیرداروں اور وراثتوں کے چنگل سے آزاد نہیں ہوتی ، مستحکم اور مضبوط نہیں ہوسکتی ۔ ملک میں ایک بار پھر وہی کھیل کھیلا جارہاہے جو ماضی میں کھیلا جاتا تھا۔