ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کی نظریں آئی سی سی اجلاس پر لگ گئیں

16 اپریل 2018

لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف سیریز اور ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے نظریں آئی سی سی اجلاس سے لگا لیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ میٹنگ آئندہ ہفتے بھارت کے شہر کولکتہ میں ہو گی۔آئی سی سی اجلاس میں پاکستان میں انٹر نیشنل کر کٹ کی بحالی کیلئے جائلز کلارک کا خط اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی رپورٹ پیش کی جائےگی،جائلز کلارک نے خط ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ملکوں کو لکھا ہے۔۔آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر کی زیر صدارت آئی سی سی بورڈ میٹنگ رواںہفتے کولکتہ میں ہو گی، پاکستان کی نمائندگی پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کریں گے جنہیں بھارت کا ویزہ جاری کر دیا گیا ہے،آئی سی سی اجلاس میں ششانک منوہر کے سامنے جائلز کلارک کا خط اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی رپورٹ سامنے رکھی جائے گی۔ جائلز کلارک نے خط ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ملکوں کو لکھا ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی دنیا بھر میں پذیرائی کی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والے کوالالمپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں مستقبل میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیائی ممالک کی جانب سے پاکستان کے حق میں قرارداد کا پاس ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے سند کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایشیائی ملکوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں انگلش کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک کا خط بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ جائلز کلارک پاکستان سپر لیگ فائنل کیلئے کراچی آئے تھے اور انہوں نے کراچی میں سکیورٹی انتظامات اور میچ کیلئے کیے گئے انتظامات کی تعریف کی ہے۔