ایم کیو ایم کی ایک رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضال سید پی ایس پی میں شامل

16 اپریل 2018

کراچی(آئی این پی ) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہوگئے، اتنا جھوٹا اور شاطر شخص زندگی میں نہیں دیکھا، رسوائی اس شخص کا مقدر ہے، پی ایس پی میں لوگ زبردستی آرہے ہیں۔ اتوار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضال سید نے پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔مصطفی کمال نے کہا کہ حلفیہ کہتا ہوں فاروق ستار نے دوست کے گھر میں اکیلے بلا کر ملاقات کی اور مجھے کہا کہ ایک مرتبہ پتنگ اور ایم کیو ایم کے نام پر مہاجروں کو گمراہ کروں گا۔مصطفی کمال نے دعوی کیا کہ فاروق ستار نے انیس قائمخانی کو کامران ٹیسوری کے گھر بلایا اور ملاقات کی جس کے دوران کہا کہ میرے لیے کیا پیکج ہے۔پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے دروازے فاروق ستار پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہیں، پتہ ہے وہ کل سے کس کس سے کال کروا رہے ہیں۔ اتنا جھوٹا اور شاطر شخص زندگی میں نہیں دیکھا اور رسوائی اس شخص کا مقدر ہے۔