انگلش پریمئر لیگ ، نیوکیسل کی اہم میچ میں فتح

16 اپریل 2018

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) انگلش پریمئر لیگ میں کمزور ٹیم نیو کیسل نے آرسنل کو2-1 گول سے شکست دیکر اپ سیٹ فتح حاصل کی۔ اس فتح سے نیو کیسل پوائنٹس ٹیبل پر10 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔ جبکہ شکست کے بعد سابق چیمپئن آرسنل کو ٹاپ فائیو کی جنگ میں نقصان ہوا۔ آرسنل ایک گول کی برتری کے باوجود فتح سے محروم رہی۔ مقابلے کے14 ویں منٹ پر آرسنل کو لاکیسٹ نے اپنے انفرادی گول سے برتری دلادی۔29 ویں منٹ پر نیو کیسل کی جانب سے پیئرز نے گول کرکے اسکور ایک ایک گول سے لیول کیا۔ اس اسکورپر ہاف ٹائم ہوا۔68 ویں منٹ پر نیو کیسل کے رچی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو پریمئر لیگ میں مسلسل چوتھی فتح دلادی اس کامیابی سے نیو کیسل نے 41 پوائنٹس کے ساتھ10 ویں پوزیشن پر جگہ بنالی۔ نیو کیسل کے اسٹرائیکر جونجو شیلے کو شاندار پلے میکنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسری جانب مانچسٹر سٹی بدستور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی اول پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ مانچسٹر سٹی کھیلے گئے33 میچز میں28 کامیابیوں کے ساتھ87 پوائنس کے ساتھ فتح کی جانب گامزن ہے مانچسٹر یونائیٹڈ72 پوائنٹس کے ساتھ دوم اور لیور پول70 پوائنٹس کے ساتھ سوئم پوزیشن پر براجمان ہے۔