خواتین کا ورزش کیلئے پارک یا سڑکوں پر چلنا پھرنا جائز ہے: سعودی عالم مفتی

16 اپریل 2018

ریاض (آئی این پی) سعودی عرب کے ایک عالم دین نے عام شاہراہوں اور پارکوں میں خواتین کے ورزش کرنے کے جواز سے متعلق فتویٰ جاری کر دیا۔ یہ فتویٰ سعودی خواتین کی ورزش یا کھیلوں کی سرگرمیوں کی سپورٹ کے دھارے کے سلسلے میں مثبت قدم ہے جس نے خواتین کے لیے پابندیوں سے متعلق سابقہ موقف کو ختم کر دیا ہے۔ سعودی سینئر علما کمیٹی کے رکن اور شاہی دیوان کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ بن محمد المطلق نے باور کرایا ہے کہ عورت کو بالخصوص دورانِ حمل ورزش کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا شاہراہوں پر ورزش کا جواز ہے۔ ڈاکٹر المطلق نے اپنے پروگرام ’’اسٹوڈیو الجمعہ‘‘ میں اپنی گفتگو میں واضح کیا کہ حاملہ خواتین بھی تو آخر سڑکوں پر چلتی پھرتی ہیں لہٰذا اگر کوئی عورت فلیٹ یا اپارٹمنٹ میں رہتی ہے تو اس میں کیا ممانعت ہے کہ وہ کسی پارک میں یا جاگنگ ٹریک پر چلے پھرے؟