رواں سال پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے 3 ایونٹس کھیلے جائیں گے
اسلام آباد(آئی این پی)اسلام آباد سمیت کراچی اور لاہور میں رواں سال ستمبر سے دسمبر کے دوران پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای)کے تین ایونٹس کھیلے جائیں گے،پی ایس اے نے تین شہروں میں 20 ہزار ڈالر سے 70 ہزار ڈالر تک کے تین ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے بتایا کہ فیڈریشن نے پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی کیلئے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کو مراسلہ بھجوایا تھا۔انہوں نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد انہوں نے پاکستان کو 20 ہزار ڈالر سے لے کر 70 ہزار ڈالر کے تین ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ تینوں ایونٹس رواں سال ستمبر سے دسمبر کے دوران کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سکواش فیڈریشن نامور کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارے گی تاکہ قومی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری اور نکھار آ سکے۔عامر اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں پی ایس اے کے مقابلے پہلے سے بحال ہو چکے ہیں تاہم کراچی اور لاہور میں کافی عرصہ بعد پی ایس اے کے مقابلے ہوں گے جو کہ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلے بحال ہو رہے ہیں پی ایس اے کے مقابلوں میں بھی غیرملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے ۔