آل کراچی گرلز بوائز باکسنگ ٹورنامنٹ

16 اپریل 2018

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) کراچی ویسٹ باکسنگ ایسوسی ایشن کی اجازت اور ٹرانس لیاری باکسنگ کلب کے زیر اہتمام آل کراچی گرلز اینڈ بوائز باکسنگ ٹورنامنٹ میں ریکارڈ68 باکسروں نے شرکت کی۔ بوائز کلاس میں میزبان ٹرانس لیاری باکسنگ کلب اول پوزیشن پر رہا جبکہ گرلز گلاس میں شہید زاہد حسین باکسنگ کلب نے اپنی حکمرانی قائم کی۔ قومی باکسنگ ٹیم کے سابق ہیڈکوچ عبد المجید بروہی‘ سابق انٹر نیشنل باکسر عبد الرئوف قریشی کی نگرانی میںمنعقدہ اس ایک روزہ ایونٹ میں نوعمر گرلز اور بوائزباکسروں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے ٹرانس لیاری باکسنگ اسٹیڈیم میں موجود شائقین کومحظوظ کیا۔گرلز کٹیگری میں4 مقابلے ہوئے32 کلو گرام میں پاک شاہین باکسنگ کلب کی عالیہ سومرو نے شہید زاہد حسین باکسنگ کلب کی نصیبہ کو شکست دی۔42 کلو گرام میں زاہد شہید باکسنگ کلب کی رابعہ نے شہید بے نظیر بھٹو باکسنگ کلب کی مریم مراد کو ہرادیا۔44 کلو گرام میںزاہد شہیدباکسنگ کلب کی ندا نے شہید بے نظیر بھٹو کلب کی ہانیہ کو مات دی جبکہ اس کٹیگری کے آخری مقابلے 48‘ کلو گرام میں بے نظیر بھٹو باکسنگ کلب کی تادیر نے زاہد شہید کلب کی سحر کو شکست دی۔ اس طرح گرلز کٹیگری میں زاہد شہید باکسنگ کلب نے 2 گولڈ اور2 سلور میڈلز حاصل کرکے اول پوزیشن حاصل کی۔ شہید بے نظیر بھٹو باکسنگ کلب ایک گولڈ اور 2 سلور کے ساتھ دو م پوزیشن پر رہی۔ دوسری جانب بوائز کللاس میں بھی سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ میزبان ٹرانس لیاری باکسنگ کلب نے اول اور گلاب شاہ اکیڈمی نے دوم پوزیشن حاصل کی۔ بوائز کے 32 کلو گرام میں زاہد شہید کلب کے عمران نے سی آر بی سی کے تیمور کو40 کلو گرام میں ایل پی بی سی کے دائود نے زاہد شہید کلب کے شعبان کو‘46 کلو گرام میں زاہد شہید کلب کے فیضان نے گلاب شاہ اکیڈمی کے شیراز کو‘52 کلو گرام میں گلاب شاہ اکیڈمی کے شہریار نے زاہد شہید کلب کے عثمان کو‘54 کلو گرام میں ٹرانس لیاری کلب کے محمدفیضان نے شہید بے نظیر بھٹو کلب کے نجف کو‘57 کلو گرام میں بھی میزبان ٹرانس لیاری کے ذیشان نے گلاب شاہ اکیڈمی کے عبد اللہ کو‘ گلاب شاہ اکیڈمی کے عبیدہ اللہ نے ٹرانس لیاری کے شاہ کو شکست دی۔ جبکہ30 کلو گرام اور32 کلو گرام میں زاہد شہید کے جنید اورزاہد شہید ہی کے توصیف کو واک اوور ملا۔ مقابلوں کے اختتام پر اسپورٹس شخصیت حاجی آفتاب نے شرکاء میں انعامات تقسیم کئے۔ مقابلوں کی ججنگ اور ریفری کے فرائض یونس قمبرانی‘ عبد الستار بلوچ‘عبد الغفور بلوچ برکت سوڈو‘ مراد بخش‘ علی حیدر خان‘ علی محمد سعید گلاب شاہ اور عبدالرئوف قریشی نے انتظام دیئے۔ اس موقع پر کراچی ویسٹ باکسنگ جنرل سیکرٹری علی محمد سید نے شریک ٹیموں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی حاجی آفتاب نے ٹرانس لیاری باکسنگ اسٹیڈیم کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی کوچ مجید بروہی نے اس گنجان آباد علاقے میں باکسنگ کھیل کی سرگرمیوں کا آغاز کرکے مثالی کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کراچی ویسٹ اورٹرانس لیاری باکسنگ کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔