ریفری سے بدتمیزی‘ گل فٹبال کلب کی رجسٹریشن ختم

16 اپریل 2018

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) ڈی ایف اے ملیر میں ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران ٹورنامنٹ کمیٹی اور ریفریز سے بدتمیزی وگالم گلوچ اور تشد د زدوکوب کرنے پر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملیر کے سیکریٹری شاہد تاج نے ڈسپلن ایکشن لیتے ہوئے گل بلوچ فٹبال کلب کو غیر معینہ مدت کے لئے معطل،کلب کے چیئرمین مولا بخش پر ایک سال کی پابندی ، پانچ ہزار روپے اور کپتان انس پر چھ ماہ کی پابندی اور پانچ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ تفیصلات کے مطاب ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران ٹورنامنٹ کمیٹی اور ریفریز سے بدتمیزی وگالم گلوچ اور تشد دزدوکوب کرنے پر میچ کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں ڈی ایف اے ملیر کے جنرل سیکریٹری شاہد تاج نے گل بلوچ فٹبال کلب کو غیر معینہ مدت کے لئے پابندی اور گل بلوچ فٹبال کلب کے چیئرمین مولا بخش پر ایک سال کی پابندی اور پانچ ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔ مزید گل بلوچ فٹبال کلب کے کپتان انس پر چھ ماہ کی پابندی اور پانچ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔سیکریٹری شاہد تاج نے مزید تمام کلبوں کو سختی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسپلن اور قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت براداشت نہیں کی جائے گی۔