سندھ گیمز ،شرکت کیلئے حیدرآباد کی تیاری مکمل ہیں، خرم رفیع

16 اپریل 2018

حیدرآباد( نامہ نگار) سترہویں سندھ گیمز کراچی میں شرکت کے لیئے حیدرآباد کی تیاری مکمل ہے۔یہ بات حیدرآباد کے کووآرڈینیٹر خرم رفیع صدیقی نے کراچی کے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ شہزاد پرویز بھٹی سے ملاقات میں کہی۔اس دوران انہوں نے حیدرآباد کے دستے کو الاٹ کی گئیں ہوٹلز کا جائزہ لیا اور چیف ڈی مشن سید محمد ندیم, ڈپٹی چیف ڈی مشن مریم کیریو اور سیکریٹری پرویز احمد شیخ سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا رہائشی پلان کے حوالے سے تفصیلات سیکریٹیریٹ میں گوش گزار کردیں۔بعد ازاں خرم رفیع صدیقی نے حیدرآباد میںدستہ کے آفیشلز سے ملاقات کرکے کراچی کے ہوٹلز اور ٹریک سوٹس اور کٹس کی وصولی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔انہوں نے اس امر پر اطمنان کا اظہار کیا کہ ہمارے تینوں آفیشلز پچھلے سندھ گیمز میں فرائض انجام دے چکے ہیں اور ان گیمز کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور انشاء اللہ اس بار بھی پہلے کی طرح چیف ڈی مشن کے ساتھ ملکر ہم آہنگی اور باہمی مشاورت سے فرائض کی انجام دہی کا آغاز کردیا ہے.دریں اثناء حیدرآباد کے دستہ کے سیکریٹری پرویز احمد شیخ نے کہا ہے کہ ہماری تمام ٹیموں کی پریکٹس اور کوچنگ کیمپس ماہر اور تجربہ کار کوچز کی نگرانی میں جاری ہیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیئے آفیشلز کیمپس کے دورے کررہے ہیں. ٹیموں کے حتمی ناموں کا اعلان کل کردیا جائے گا۔