چور دروازے سے آنیوالے مسلم لیگ ن چھوڑ رہے ہیں، عوام پہلے سے زیادہ مینڈیٹ دینگے: احسن اقبال
نارووال (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں عوام مسلم لیگ (ن) کو پہلے سے زیادہ مینڈیٹ دیں گے ،نگران وزیر اعظم کے لئے اپوزیشن کی تجویز کا انتظار ہے پھر ہم اپنا نام دیں گے ۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا دشمن پاکستان کے خلاف بہت سازشیں کر رہے ہیں اور وہ سی پیک ناکام کرنے کے لیے ہمیں اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ادارے اور سیاسی جماعتیں ایسے ملک دشمن عناصر کو پہچانیں۔ نگران وزیر اعظم کے لئے اپوزیشن کے نام کا انتظار ہے اس کے بعد ہم اپنانام دیں گے اور مسلم لیگ ایسے نام دے گی جو غیر جانبدار ہوں اور ان کا جمہوری کردار ہو۔ نگران وزیر اعظم کے لئے ہو سکتا ہے اپوزیشن ہمارا نام مستردکر دے۔ احسن اقبال نے کہا ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔ ہم ملک کے اندر بد امنی نہیں چاہتے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے۔ چور دروازے سے پارٹی میں داخل ہونے والے پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں اور جن کو ٹکٹ نہیں ملنے وہ ن لیگ چھوڑ رہے ہیں۔ مسلم لیگ آئندہ کا لائحہ عمل پارٹی اجلاس میں دے گی۔ احسن اقبال نے کہا مجھے خوشی ہوتی کہ اگر کے پی کے میں نارووال جیسا ایک بھی سپورٹس کمپلیکس ہوتا۔