ہول سیل کریانہ دکان میں آتشزدگی‘ سامان خاکستر‘ دوسرا فلور منہدم

16 اپریل 2018

بستی ملوک‘ شجاع آباد(نامہ نگار‘ خبر نگار) بستی ملوک شجاع آباد روڈ پر واقع ہول سیل کریانہ کی دکان میں گزشتہ صبح 9بجے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی دوکان میں گھی چینی اور شاپر زیادہ تعداد میں موجود تھے جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کی آگ عمارت کے دوسرے فلور پرشارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی چندسیکنڈ میں آگ نے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا دکان میں موجود گاہکوں ،ملازمین و مالک نے بھاگ کر اپنی جان بچائی اہلیان علاقہ نے فوری ریسکیو،فائر برگیڈکو اطلاع دی اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے مگر آگ مزید پھیلتی گئی جس کے باعث مزید دو دکانیں بھی متاثر ہوئیں فائر برگیڈ کی گاڑیاں دو گھنٹے تاخیر سے پہنچیں اس وقت دکان میں موجود سامان مکمل طور پر خاکستر ہوچکا تھا تین گھنٹے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیاآگ کی شدت کے باعث عمارت بوسیدہ ہوگئی اور اور اوپر والا فلور گر گیا گرونڈ فلور کو بھی ریسکیو اہلکاروں نے خطرناک قرار دیتے ہوئے اندر جانے سے منع کر دیا جائے وقوعہ پر مخدوم جاوید ہاشمی ، ممبر صوبائی اسمبلی رانا طاہر شبیر ، عمران شوکت ،ڈاکٹر فیاض احمد ملک صدر انجمن تاجران خواجہ شفیق ،رائو مقیم انجم موقع پر پہنچے اور دوکان مالک سے اظہار ہمدردی کیا خواجہ شفیق اور رائو مقیم انجم نے کہاکہ بستی ملوک ایک کاروباری مرکز ہے مگر یہاں پر سہولیات کا فقدان ہے ہمارا حکومت پنجاب سے مطالبہ ہے کے یہاں پر فائر برگیڈ کی ایک گاڑی مہیا کی جائے۔