پاکستان سنی تحریک ملک بھر سے امیدوار کھڑے کریگی: ڈاکٹر شاہد حسین
ملتان ( نامہ نگار خصوصی ) پاکستان سنی تحریک پنجاب کے نو منتخب صدر ڈاکٹر حافظ شاہد حسین نے اپنے بیان میں کہاہے کہ سنی تحریک ملک بھر سے امیدوار کھڑے کریگی ملک میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورت حال کی تمام ترذمہ داری بڑی سیاسی جماعتوں پر عائید ہوتی ہے،عوام کے بنیادی شہری حقوق کا تحفظ کریں گے۔ملک اس وقت سیاسی اور آئینی بحران سے دو چار ہے ۔بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روز گاری نوجوان نسل کو بے راہ روی کی طرف دھکیل رہی ہے۔حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی صفر ہے ۔ملک میں دہشت گردی پر قابو فوج،رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کریڈٹ ہے حکومت نے عوام کو سوائے مہنگائی ،بے روز گاری اور غیر ملکی قرضوں کے کچھ نہیں دیا، انہوں نے کہاکہ عوام کے بنیادی شہری حقوق کے حصول کی ،جد و جہد جاری رکھیں گے ۔انہوںنے کہاکہ نظریاتی جماعتوں میں عہدوں کی نہیں بلکہ کام کی حیثیت ہوتی ہے۔پنجاب بھر سے نو منتخب ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل صدور کوآئندہ عام انتخابات اور تنظیم سازی کے لیے ٹارگٹ دے دئیے گئے ہیں، انتخابات میں کسی سیاسی جماعت سے تا حال کوئی سیاسی اتحاد نہیں ہے ۔پاکستان سنی تحریک ملک بھر سے عام انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔