مر جاﺅں گا کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہونگا : فاروق ستار‘ جھوٹے‘ ڈرامہ باز کیلئے دروازے بند ہو گئے : مصطفی کمال

16 اپریل 2018

کراچی (آئی این پی+ نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے مر جاﺅں گا لیکن پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہوں گا، جیوں گا تو ایم کیو ایم کے لیے اور مروں گا تو ایم کیو ایم کے لیے، وفاداریاں تبدیل کرانے کا عمل بہت شدت کے ساتھ شروع کیا گیا ہے، تاثر دیا جا رہا ہے کہ مستقبل کسی اور کا ہے، کراچی میں شفاف انتخابات کا دعوی غلط ہے، چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ ہے وہ انہیں سیاست سے دور کرنے کا نوٹس لیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا دن رات پی ایس پی کے لوگ فون پر دھمکیاں دے رہے ہیں کسی کے ذریعے بلاوا بھیجتے ہیں، 2018کے الیکشن سے کچھ ماہ پہلے ایسا ہو رہا ہے، مجھے وقت دیں، میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہمارے ارکان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ غیرمتنازع سیاسی جدوجہدکے باوجود ہم اذیت میں مبتلا ہیں۔ تاثردیا جا رہا ہے پارٹی کے تنازع کی وجہ سے لوگ پارٹی چھوڑ کرجارہے ہیں، کیا میں بھی ایم پی اے کے گھروں پر جاکر نظریئے، مہاجر شہدا کا واسطہ دوں۔ 38، 38 سال سیاسی جدوجہد کرنیوالوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی جارہی ہیں، اب اس طرح کام نہیں چلے گا، نشاط ضیا بھائی کا نام چل گیا تھا کہ وہ دوپہر ڈھائی بجے پی ایس پی جوائن کر رہے ہیں، مگر وہ ابھی میرے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم پی ٹی آئی، پی ایس پی اور پیپلزپارٹی سب کے لیے راستہ چھوڑنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا میں آرمی چیف کے پاس بھی جاﺅں گا، جس کےلئے کہیں گے ہم اس کےلئے واک اوور دے دیں گے، کراچی میں پتنگ اور ایم کیو ایم کو زبردستی ختم کیا جا رہا ہے۔ تنظیمی اختلاف کا بہانہ بنا کر سیاست کی جا رہی ہے، بہادرآباد کے ساتھیوں کو بھی سیاست کا چسکا لگا ہوا ہے، کارکنوں میں پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ میں ارکان کو خود پی ایس پی میں بھجوا رہا ہوں۔ میں کسی ریاستی ادارے کی ساکھ کو متاثر نہیں کرنا چاہتا، انہوں نے کہا میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام تو لوں گا ہی نہیں کیونکہ وہ اپنی حکومت بچانے میں لگے ہیں، آگ لگے بستی میں، عبداللہ رہے اپنی مستی میں۔ نیٹ نیوز کے مطابق فاروق ستار نے کہا اب فیصلے کی گھڑی آ گئی ہے میں نے اپنی کشتیاں جلا دی ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فاروق ستار نے کہا شبیر قائم خانی کے جاتے ہی بلی تھیلے سے باہر آ گئی۔ فاروق ستار نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انیس قائم خانی سے کوئی پیکیج نہیں مانگا۔ تاثر دیا جا رہا تھا ارکان کو بھیج کر اپنی راہ بنا رہا ہوں اس لئے کہا تھا مر جاﺅں گا پی ایس پی میں نہیں جاﺅں گا، آج کے مسائل بجلی، پانی اور مردم شماری ہیں جن کے خلاف احتجاج کریں گے، عوامی مسائل پر 19 اپریل کو وزیراعظم ہاﺅس کے سامنے احتجاج کریں گے۔ مصطفی کمال کو ایم کیو ایم میں واپس آنے کی دعوت دیتا ہوں، میرے دروازے مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کیلئے کھلے ہیں، ملکی بقا متحدہ کے نام کو ختم کرنے میں ہے تو ہم تیار ہیں۔
کراچی (آن لائن+ نیٹ نیوز) سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے فاروق ستار کیلئے پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہوگئے ہیں، رسوائی فاروق ستار کا مقدر ہے۔ فاروق ستار کی پریس کانفرنس میں لگائے الزامات کے جواب میں مصطفی کمال نے کراچی میں پارٹی مرکز پاکستان ہاو¿س میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضال سید نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مصطفی کمال نے فاروق ستار کے لگائے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا فاروق ستار خود پی ایس پی میں شامل ہونا چاہتے تھے، ہم نے کسی کو زبردستی نہیںبلایا، کال ریکارڈ چیک کیا جائے تو معلوم ہوجائے گا کالیںکون کرتا تھا اور رسیو کون کرتا تھا، فاروق ستار نے انیس قائمخانی سے ملاقات کی تھی ،جس میں پی ایس پی میںشمولیت کے حوالے سے بھی بات ہوئی تھی۔ اس موقع پر فاروق ستار نے پوچھا تھا میرے لئے کیا پیکج ہے۔ حلفیہ کہتا ہوں فاروق ستار نے خود مجھے کہا میں پتنگ اور ایم کیو ایم کے نام پر مہاجروںکو گمراہ کروںگا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ فاروق ستار جیسا شاطر اور جھوٹا شخص نہیں دیکھا، یہ ہارا ہوا شخص ہے جو خود کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کررہا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق مصطفی کمال نے فاروق کہا فاروق ستار جھوٹا، ڈرامے باز، شاطر اور مکار شخص ہے، 3 بار حکومت میں رہنے والے کس منہ سے کراچی کو لاہور بنانے کی بات کرتے ہیں۔
مصطفی کمال