حادثات‘ محنت کش خاتون اور معلم جاں بحق‘ ڈولفن فورس اہلکاروں سمیت 11 زخمی

16 اپریل 2018

ملتان‘ کوٹ اسلام آباد‘ گگومنڈی (کرائم رپورٹر‘ نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں محنت کش خاتون اور معلم جاں بحق 2 ڈولفن فورس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق کوٹ اسلام کے نزدیک پل نکاسو قتالپورروڈ پر گزشتہ روزدوموٹرسائیکل آپس میں ٹکراگئے جس کے نتیجہ میں ٹیچر ظہور حسین سکنہ قتالپوربیوی بچے سمیت جبکہ غلام حسین ولد اللہ دتہ،سہیل عباس ولد غلاشبیر سکنہ751گ ب ٹوبہ ٹیک سنگھ شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر ٹیچر ظہور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہوگیا۔ دوسرا حادثہ اڈہ دین پور کے قریب پیش آیا جہاں پر موٹروے پر کام کرنے والے ڈمپر کی ٹکرسے موٹرسائیکل سواربچی سمیت دوافراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔گگومنڈی سے نامہ نگار کے مطابق چک نمبر 197۔ای۔ بی کی محنت کش خاتون رضیہ بی بی دیگر عورتوں کے ہمراہ ٹرالی پر سوار ہو کر مزدوری کے لئے چک نمبر 201۔ای۔ بی جا رہی تھی کہ اچانک ٹرالی کاکنڈا ٹوٹ گیا اور رضیہ بی بی سڑک پر گر گئی اور ٹرالی کا ٹائر اس کے اوپر سے گزر گیا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی ۔پولیس نے ڈرائیور ثنا اللہ ولد محمد انور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملتان سے کرائم رپورٹر کے مطابق تھانہ نیو ملتان کے علاقہ خانیوال روڈ پر ڈولفن فورس کے دو اہلکار ٹریکٹر کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ ڈولفن اہلکار جہانزیب اور عامر میپکو آفس کے قریب موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ٹریکٹر کی زد میں آ کر دونوں اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ نیو ملتان پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔