فیصل آباد : جنریٹر دھماکہ‘ مل کی چھت گرنے سے 3 مزدور جاں بحق‘ 4 زخمی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مقبول روڈ پر مقامی مل میں جنریٹر کا پائپ پھٹنے سے چھت گر گئی جس کے نتیجے میں3 مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ 4مزدور جھلس گئے۔ مقبول روڈ پر مقامی مل میں جنریٹر کا پائپ پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں چھت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جبکہ فرش بھی تباہ ہو گیا ‘جنریٹر کا پائپ پھٹنے سے مل کی ایک ٹینکی بھی زور دار دھماکے سے اڑ گئی ‘جس کے با عث مل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ‘دھماکہ کے نتیجہ میں 5مزدور 45سالہ اکرم ‘50سالہ ارشد‘26سالہ صابر ‘30سالہ ادریس اور چالیس سالہ علی احمد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122نے ملبے تلے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے ‘بعدازاں ایک مل مزدور سول ہسپتال میں زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ فیکٹری دھماکہ میں تیسری نعش بھی ملبے سے برآمد ہوگئی۔ تینوں جاں بحق ہونے والوں کے نام ارسلان، احمد اور ذوالفقار بتائے گئے ہیں۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے فیکٹری میں گیس پائپ لائنز دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پانچ رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے جس کی سربراہی اے ڈی سی میاں آفتاب کرینگے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں اسسٹنٹ کمشنر احمد سہیل کیفی، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹری خالد محمود، سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ شامل ہیں۔ کمیٹی 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کریگی۔
جنریٹر دھماکہ