ہربنس پورہ، 25 سالہ نوجوان گھر میں پراسرار طور پر 5 گولیاں لگنے سے ہلاک
لاہور (نامہ نگار)ہربنس پورہ کے علاقہ میں 25 سالہ نوجوان گھر میں پر اسرار طور پر پانچ گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔ دوستوں کے مطابق اس نے خودکشی کی ہے جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ اسے اس کے دوستوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔ پولیس کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ہربنس پورہ کے علاقہ غازی آباد میں25سالہ نوجوان ادریس گھر میں پر اسرار طور پر پانچ گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔پولیس کواس کے دوستوں نے اطلاع کی کہ ادریس نے خودکشی کی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول نوجوان کی نعش کو اس کے دوستوں نے گھر سے ہسپتال منتقل کیا اور جائے وقوعہ سے خون بھی صاف کر دیا تھا۔ ادریس کے جسم پر 5 گولیاں لگی ہیں جو کہ تشویشناک ہے۔ یہ واقعہ خودکشی نہیں لگتا۔ اسے خودکشی کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مقتول کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے لاش مردہ خانے منتقل کرکے اس کے ایک دوست کو بھی حراست میں لے لیا ہے اور مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔