بھلے ڈسنوال میں سابق آرمی آفیسر کی اراضی پر لیگی رہنما کا قبضہ، نیب نے ایکشن لے لیا

16 اپریل 2018

فیروزوالہ (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ شیخوپورہ کے علاقہ بھلے ڈسنوال میں سابق لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ مرید قاسم کی لاکھوں روپے مالیت کی اراضی پرقبضہ کرنے والے گروہ کے خلاف فوری طور پر کاروائی کی جائے۔ ہدایت نیب پنجاب نے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ذریعے محکمہ مال شیخوپورہ کے حکام کو لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ مرید قاسم کی تحریری درخواست پر جاری کی ہے جس میں الزام لگایا گیاتھاکہ لاہور روڈ کی آبادی بھلے ڈسنوال میں ان کے والد کی 12کنال اراضی تھی جس پر ان کے انتقال کے بعدن لیگ کے ایک مقامی رہنماء اوراس کے ساتھیوں نے قبضہ کرلیا ہے اس بارے میں محکمہ پولیس کو کئی بار درخواستیں دیں مگر کوئی مؤثر کاروائی نہیں کی گئی سابق لیفٹیننٹ کرنل کی درخواست میں الزام لگایاگیا ہے کہ اسے اپنی زمین کے کاغذات کے حصول کے لیے دس ہزار رشوت دینا پڑی دریں اثنا ن لیگ کے رہنماء نے قبضہ کرنے کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے اور کہاہے کہ اس اراضی کا معاملہ اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن میں زیرسماعت ہے جس کے چیئرمین ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول ہیں جو دونوں فریقوں کو سماعت کرنے کے بعد زمینوں کے معاملات میں اپنی سفارشات مرتب کرتے ہیں۔