پرائس کنٹرول کمیٹی کا وحدت روڈ ماڈل بازار کا دورہ، 4 دکانداروں کیخلاف مقدمہ

16 اپریل 2018

لاہور( خبر نگار) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے وحدت روڈ ماڈل بازار کا اچانک دورہ کر کے اشیاء کے معیار اور سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا،کم تولنے پر چار دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے سٹالز منسوخ جبکہ چھ کو وارننگ نوٹسز کااجراء کیا گیا ۔چیئرمین پی سی سی میاں عثمان اتوار کے روز انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ اچانک وحدت روڈ ماڈل بازار پہنچ گئے اور تمام سٹالز کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اس موقع پراشیائے خوردونوش خصوصاً سبزیوں اور پھلوں کے معیار کا جائزہ لیا گیا اورالیکٹرانک ترازو کے ذریعے وزن چیک کیاگیا ۔کم تولنے پر چار دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے ان کے سٹالز بھی منسوخ کر دئیے گئے جبکہ چھ کو وارننگ نوٹسز کا اجراء کیا گیا ۔ میاں عثمان نے اس موقع پر خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی اشیاء کے معیار اور قیمتوں بارے آگاہی حاصل کی ۔ میاں عثمان نے ماڈل بازار کے حوالے سے مجموعی طو رپر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے ۔سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے والے تاجروں کی ستائش کرتے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔